مانسہرہ : گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول درہ کی انتظامیہ کی غفلت۔آٹھ سالہ بچے کی انگلی ضائع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول درہ کے دوسری کلاس کے طالب علم اسامہ کی انگلی سکول اوقات میں کٹ گئی۔ بچے کے والد ریاض کے مطابق سکول انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے بچے کو بر وقت ہسپتال نہ لے جایا گیا اور نہ ہی بچے کے گھر اطلاع دی گئی۔
واقع کے آدھا گھنٹہ بعد سکول کا چوکیدار بچے کی کٹی انگلی شاپر میں ڈال کے بچے کو گھر چھوڑ آیا۔ بچے کے والد ریاض کے مطابق وہ بچے کو خود ٹی ایچ کیو ہسپتال خانپور لے کر گیا جہاں سے انہیں ٹراما سینٹر ہریپور بھیج دیا گیا۔ ٹراما سینٹر میں ڈاکٹر نے بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے کٹی ہوئی انگلی کو جوڑنے سے معذرت کر لی۔
ریاض نے خانپور ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث اس کے بچے کی انگلی ضائع ہو گئی ہے اور تاحیات ایک نقص پیدا ہو گیا ہے۔ ریاض کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول درہ میں یہ پہلا واقع نہیں ہے بلکہ طلباء و طالبات کے ساتھ اس طرح کے حادثات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں جن میں ہمیشہ سکول انتظامیہ کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔