ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال نے سٹیرنگ کمیٹی محکمہ ایجوکیشن کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیع ہے اور اس کے لیے ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی ضلع بھر کے تمام سکولوں میں معیاری تعلیم کے لیے مانیٹرنگ اور عملدرآمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع اور ماحول یقینی ہو۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ڈی ایم اوایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی عائدہ قریشی نے مارچ کی کارکردگی اور گزشتہ سٹیرنگ کمیٹی کی کارکردگی اور منٹس پر عملدرآمد کے حوالے سے بریف کیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے محکمہ تعلیم کو سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تعلیم کی بہتری، سکولوں میں بنیادی ضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ڈی ای اومیل، فیمیل کو ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے طلبہ کے لیے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید طریقہ تعلیم کو اپناتے ہوئے عملدرآمد پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے سکول کے انتظامی سٹاف کی تعیناتی، پانی کی ہمہ وقت فراہمی، بجلی کی فراہمی، سکولز کی مرمت اور باؤنڈری والز کے ایشوز کے حل کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرمحمد تنویر ملک، ڈی ایم او ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی عائدہ قریشی، ڈی ای او فیمیل، ایس ڈی او کمیونیکیشن اینڈ ورکس۔ڈیپارٹمنٹ، نمائندہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس ایبٹ آباد اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔