*ورلڈکپ: سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستان کو انگلینڈ کو کتنے رنز سے ہرانا ہوگا؟*
ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر اپنا تو سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ انتہائی آسان کردیا جبکہ پاکستان کی تمام امیدوں پر بظاہر پانی پھیر دیا۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ یہی تھا کہ سری لنکا نیوزی لینڈ کو شکست دے لیکن پاکستان شائقین کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔
بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے ہی ناک مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، آخری ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلہ تھا۔
تاہم سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کی بھاری مارجن سے جیت کے بعد پاکستان اور افغانستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔
دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری میچ تو جیتنا ضروری ہی تھا تاہم اب کم رن ریٹ کی وجہ سے افغانستان اور پاکستان مشکل میں آگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ اپنا آخری گروپ میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
افغانستان اور پاکستان 8 ،8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
افغانستان اور اب گرین شرٹس کا آخری میچ میں جیت کے باوجود کم رن ریٹ کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔
افغانستان کو کل جنوبی افریقا اور پاکستان کو ہفتے کو انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔
گرین شرٹس سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتے ہیں؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو اسے انگلینڈ کو 287 رنز کے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔
پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کر کے 300 رنز بنائےتو انگلینڈ کو صرف 13پر آؤٹ کرنا ہوگا۔
اور اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرے تو اس کو 50 رنز پر محدود کر کے 2.5 اوورز میں رنزبنانے ہوں گے۔
دوسری جانب افغانستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف 438 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی جوکہ بظاہر ناممکن ہے۔