مانسہرہ ۔ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے یونیورسٹی کے جنا ح ہال میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نوازتھے ۔انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ ملکی تاریخ کا اہم دن ہے ۔
1940ء کو اسی روزقرارداد پاکستان پیش کی گئی جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے لئے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی اور اگلے سات برسوںمیں ہمارا ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھر۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد آج سے 83سال پہلے رونما ہونے والا واقعہ ہے۔
جس میں تحریک پاکستان کے لیڈران نے برصغیر کے مسلمانوں کی آواز بنتے ہوئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کی داغ بیل ڈالی اور ایک جداگانہ وطن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے حصول پاکستان کے لئے انتھک محنت اور جان و مال کی بھرپور قربانیاں دیں اور اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور اسے قوموں کی برادری میں نمایاں مقام دلانے کے لئے کوشش کرتے ہوئے اس کی خدمت کریں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا ہے کہ جس اتحاد ، یگانگت اور تنظیم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے اسلاف نے یہ ملک حاصل کیا، انہی درخشندہ روایات پر عمل کرتے ہوئے ہم نے اپنے ملک کو آگے لے کر جانا ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز سے عہد برا ہونے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ نوجوان طلبا و طالبات پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور فلاح کے لئے خود کو اعلی تعلیم اور سائنسی مہارت سے آراستہ کریں تاکہ خود کفیل اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ ہمیں انفرادیت سے باہر نکل کر اجتماعی سوچ اپنانی ہوگی تاکہ دنیا کی قیادت کرتے ہوئے حقیقی پاکستان کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہو ۔
اس سے قبل ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ ڈاکٹر عائشہ عالم نے چین کی مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ شعبہ پاکستان سٹڈیز کے تعلیمی روابط اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔یوم پاکستان کی تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے طلباء و طالبات نے پاکستان کے صوبوں اور آزاد کشمیر کی ثقافت کی خوبصورت و بھرپور عکاسی کی۔
اس موقع پر طلباء نے ملی نغمے پیش کئے اور اپنے مخصوص انداز میں تحریک پاکستان کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔یوم پاکستان کی تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے طلبا و طالبات ، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔