تھانہ سٹی کی حدود چنئی ایبٹ آباد روڈ پر کباڑ خانے میں چند روز قبل چوری کی غرض سے داخل ہونے والے تمام نامعلوم ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا،ملزمان سے نقدی اور لاکھوں روپے مالیت کا چوری کیاگیا سامان برآمدکرلیا گیا۔(اے۔ایس ۔پی نایاب رمضان کی میڈیا کو بریفنگ)
تفصیلات کے مطابق مورخہ 01-04-2023کو رحمت اللہ نامی شخص نے پولیس کو رپورٹ کرائی کہ رات تقریبا ڈھائی بجے نامعلوم افراد اس کے کباڑ خانے میں اسلحہ سمیت چوری کی نیت سے داخل ہوئے جنھوں نے ہمارے جاگنے پر ہم پر فائرنگ شروع کردی۔جنکی فائرنگ سے میں مسمی رحمت اللہ اور موسی خان زخمی ہوگئے۔جبکہ فائرنگ کے دوران نامعلوم چوروں کا ایک ساتھی جسکی بعد میں تصدیق حمزہ زمان ولد محمد زمان سکنہ پڑھنہ کے نام سے ہوئی جو کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔
رحمت اللہ کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا اور نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیئے مختلف لوگوں سے انٹروگیشن شروع کی۔تھانہ سٹی پولیس نے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں نہ صرف نامعلوم ملزمان کو ٹریس کیا بلکہ ان سے مختلف وارداتوں کے دوران چوری کی گئی نقدی ، لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور واردات میں استعمال کیئے جانے والے پستول اور خنجر بھی برآمد کرلیئے گئے۔
گرفتار کیئے گئے ملزمان میں لوہار بانڈہ کے رہائشی شاہ زیب ولد نور محمد،مشتاق ولد سمندر خان،ناصر ولد میاں گل اور پڑھنہ کا رہائشی عبداللہ ولد محمد زمان شامل ہیں۔