انویسٹی گیشن کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں سرکاری اورغیرسرکاری املاک کا دس ارب روپے کا مالی نقصان ہوااور ملک بھر میں 474 مقدمات درج ہوئے، مختلف صوبوں میں تشدد کے واقعات میں 10 افراد ہلاک ہوئے ۔
تشدد کے واقعات میں 70 پولیس اہلکار اور243 شہری زخمی ہوئے ، مجموعی طور پر314 سرکاری اورپرائیویٹ پراپرٹی، دفاتر، دکانوں اور گھروں کونقصان پہنچایا گیا۔
ایف سی، پولیس اورحساس ادارے کی 31تنصیبات کونشانہ بنایا گیا۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے ہم انویسٹی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئےانکشاف کیا کہ جلاؤ گھیراؤاور توڑپھوڑ کے الزام میں 8ہزار 654مشتبہ ملزمان گرفتار ہوئے،ان کے مطابق ملک بھر میں 3ہزار412 ملزمان کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوئے۔
اس کے علاوہ سرکاری دستاویزات سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک بھر میں 2ہزار 765افراد کو ایم پی اوز کے تحت نظر بند کیا گیا،ملک بھر میں 2ہزار477افراد کے خلاف جلاؤگھراؤ کے مقدمات درج کئے گئے،نامزد ملزمان میں 90 فیصد پی ٹی آئی کے ورکرز اور تنظیمی عہدیدارہیں۔
پنجاب سے موصول ہونے والے سرکاری اعداد وشمار اور تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے 288 ایف آئی ارز درج کرکے 4700 مشتبہ افراد گرفتار کئے،پنجاب میں 2200 افراد دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہوئے،پنجاب میں تشدد کے واقعات میں 5افراد ہلاک،170پولیس اہلکاراور 65شہری زخمی ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے موصول ہونے والے اعداد وشمار اور تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے9مئی کے واقعات میں 35 ایف آئی آرز درج کیں، اسلام آباد پولیس نےسرکاری اور غیر سرکاری املاک کو 30کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں 670افراد کوگرفتار کیا
سندھ سے موصول ہونے والے اعداد وشمار اور تفصیلات کے مطابق 9مئی کے واقعات میں کراچی سمیت سندھ پولیس نے 65 ایف آئی ارز درج کیں،کراچی میں 40 اور لاڑکانہ میں 14 پرچے درج کیے گئے، سندھ پولیس نےجلاؤ گھیراؤاور توڑ پھوڑ کے الزام میں 560 افراد کو گرفتار کیا
خیبر پختونخوا سے موصول ہونے والے اعداد وشمار اور تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے 8مئی کے واقعات میں 89 ایف آئی ارز درج کیں ،کے پی پولیس نے 2713 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ، خیبر پختونخوا میں تشدد کے واقعات میں 4افراد ہلاک ہوئے، خیر پختونخوا میں 970 ملزمان پرانسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت پرچے درج کیے گئے،خیبر پختونخوا پولیس نے 500 افراد کو ایم پی اوز کے تحت نظر بند کیا۔
بلوچستان سے موصول ہونے والے اعداد وشمار اور تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں 9مئی کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور 11 مقدمات درج ہوئے۔