بٹگرام : انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان اور ڈی آئی جی ہزارہ ریجن طاہر ایوب خان کے ویژن کے مطابق ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان نے بٹگرام پولیس کے لئے متعارف کئے گئے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مینیجمنٹ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کردیا۔
تمام تھانہ جات میں کمپیوٹر آپریٹرز تعینات کیے گئے ہیں جن کو نئے لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز دیئے گئے ہیں جنہوں نے سال 2022/2023 کا مکمل ریکارڈ آنلائن کردیا ہے۔آنلائن سسٹم کے ذریعے کریمنلز کا ریکارڈ بآسانی معلوم ہو سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان اور ڈی آئی جی ہزارہ ریجن طاہر ایوب خان کے ویژن کے مطابق ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان کی کمان میں بٹگرام پولیس کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس کے تحت انہوں نے بٹگرام پولیس کے تمام تھانہ جات میں” پولیس سٹیشن ریکارڈ مینیجمنٹ سسٹم” مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی پی او صاحبہ بٹگرام نے تمام تھانہ جات کے محرران/کمپیوٹر آپریٹرز کو پولیس سٹیشن ریکارڈ مینیجمنٹ سسٹم کیلئے جدید کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، یو پی ایس، پرنٹرز، سکینرز اور دیگر اسیسیریز مہیا کیے تھے۔ جن کے ذریعے بٹگرام پولیس کا سال 2022/2023 کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ اسی طرح اس سے کمپیوٹرائزڈ ایف آئی آر کے اندراج کے علاوہ تفتیشی امور بھی سرانجام دیئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں اس سے بٹگرام پولیس کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرکے عوام اور پولیس دونوں کیلئے آسانی پیدا کیجائیگی۔اس موقع پر ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان کا کہنا تھا کہ اب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تمام تھانہ جات کا ریکارڈ آنلائن ہوگیا ہے۔
پولیس سٹیشن ریکارڈ مینیجمنٹ سسٹم (PSRMS) سافٹ وئیر میں پولیس کا ریکارڈ محفوظ رہے گا اور دورجدید کے تقاضوں کے مطابق کریمنلز کا ریکارڈ بھی بآسانی معلوم ہو سکے گا۔
تمام معزز عدالتوں کو اور دیگر متعلقہ حکام کو کمپیوٹرائزڈ ایف آئی آر، مثلیں وغیرہ بھیجی جاتی ہیں۔اس اقدام کو معزز ججز صاحبان اور وکلاء صاحبان نے بھی خوب سراہا۔