جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب۔ وزیراعظم نے فیتہ کاٹ کر پورے پاکستان کے طلبا وطالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے تقریب میں شریک مختلف یونیورسٹیوں کے نمایاں تعلیمی قابلیت کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، دل چاہتا ہے کہ ہر بچے کے پاس لیپ ٹاپ ہو اور ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں، نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں خادم پنجاب تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے بے شمار طلباکو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ان میں سے بہت سے طلباو طالبات آج ڈاکٹرز ، انجینئرزاور کامیاب پروفیشنلزبن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن لاہور میں ایک بچی نے لیپ ٹاپ لیتے ہوئے مجھے بتایا کہ اس کے والدین اس دنیامیں نہیں لیکن وہ ڈاکٹر بننا چاہتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ میرادل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں ۔کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا آئی تو درسگاہیں بند ہو گئیں۔ یہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا۔ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔ یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اس کے لئے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے ۔یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر ملے گا۔
وزیرعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اس یقین کا اظہارکیا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسائیہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں بلکہ ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں کیونکہ یہی لیپ ٹاپ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے۔
تقریب میں اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے طلبا و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے نوجوانوں کی ترقی کے لئے اقدامات کے بارے میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔تقریب میں غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں جنہوں نے لیپ ٹاپ ملنے کے بعد اسے اپنی تعلیمی وپیشہ وارانہ قابلیت بڑھانےکاذریعہ بناتے ہوئے معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ، کی کامیابی کے سفر کے حوالےسے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔وزیراعظم نے ایم اے او کالج کے لیکچرر محسن جو ایم اے او کالج کے عقب میں مزدوری کرتے تھے اور لیپ ٹاپ ملنے کے بعد اپنی تعلیم جاری رکھنے اور مزدور سے لیکچرر بننے کاکامیاب سفر طے کرنے کے قابل ہوئے کو اپنے پاس بلا کر شاباش دی اور گلے لگایا۔