بلوچستان کے علاقے ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے میں بم دھماکے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سراج الحق جلسہ عام میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے ژوب جارہے تھے۔ لیویز کے مطابق سراج الحق کی جانب سے جلسے سے خطاب متوقع تھا جس کےلیے انہیں قافلے کی صورت میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران بم دھماکا ہوا۔
دھاکے میں سراج الحق اور دیگر رہنما محفوظ رہے جب کہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز نے تصدیق کی کہ دھماکا جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے پر ہوا۔
علاوہ ازیں لیویز کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد ہی علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کےلیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور انکے سرپرستوں کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینگے، واقعہ میں پانچ افراد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس ہے، اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے امیر جماعت اسلامی اور انکے ساتھیوں کی حفاظت فرمائی۔