اسلام آباد/ خیبرپختونخوا: سیاسی وابستگی رکھنے والے نگران وزراء اور مشیروں کو ہٹانے کی ہدایت
*الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے متعدد وزراء، معاونین اور مشیروں کو ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کو خط لکھا ہے جس میں نگران وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کی جانب سے صوبے کے سیاسی امور میں مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے ان کو ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ نگران کابینہ کی سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرر کی گئی ہے جس کی مثال سابق نگران وزیر شاہد خٹک کا کیس ہے۔ اس کے علاوہ اور بھی وزراء نے اپنی پارٹی وابستگی تسلیم کی، شاہد خٹک نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کچھ وزراء، مشیران، معاونین خصوصی سمیت دیگر کا رویہ الیکشن ایکٹ 2017 کے منافی ہے لہذا الیکشن کمیشن درخواست کرتا ہے کہ ایسے وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے تاکہ آنے والے انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔