گلیات خونخوار جنگلی جانور انسانی آبادیوں میں گھس آئے
ایوبیہ ( مانسہرہ ڈاٹ کام )گلیات کے نواحی علاقوں خانسپور ۔ مومن آباد ۔ رامکوٹ اور دیگر جگہوں پر خونخوارجنگلی جانوروں نے اب انسانی آبادی کا رخ کر لیا ۔ مختلف مقامات پر دن کے اوقات میں بھی جنگلی چیتے مٹر گشت کر تے دکھائی دیتے ہیں علاقہ بھر میں شدید خوف و ہرا س پھیل گیا ہے ۔ انسانی آبادی ۔ بچے ۔ عورتیں ۔ سکولوں کے طلباء و طالبات اور معمر افراد جو کہ دن کے اوقات میں مختلف امور کی انجام دہی کے لیے گھروں سے باہر نکلتے ہیں ان کی جانوں کو شدید ترین خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔ اگر کوئی بھی شخص اپنی جان بچانے کے لیے خونخوار جنگلی جانو ر پر فائر کر دے تو محکمہ فوری طور پر میدان میں آجاتا ہے کہ قانونی کارروائی ہو گی ایف آئی آر ہو گئی ۔ اس سے پہلے بھی اس طرح واقعات ہو چکے ہیں کہ محکمہ وائلڈ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کرتا لیکن جب لوگ اپنی مدد آپ کے تحت جان بچانے کی کوشش کر تے ہیں تو بعد میں محکمے کو بھی قانون یاد آجاتا ہے ۔ گلیات کے مختلف علاقوں میں آج کل موسم گرما کی وجہ سے پہاڑی دیہی علاقوں میں بہت زیادہ رش ہے ۔ مقامی لوگ جو کہ سردیوں میں شہروں کے اندر ہوتے ہیں آج کل چھٹیوں کی وجہ سے آبائی علاقوں میں موجود ہیں ۔ اسی طرح ایوبیہ ۔ خانسپور ۔ ریالہ ۔ یہ سیاحتی علاقے ہیں یہاں بڑی تعداد میں سیاح بھی اپنی فیملیز کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے موجود رہتے ہیں ۔ ایسے میں ان گنجان آباد علاقوں میں ، خونخوار جنگلی جانوروں کا آزادانہ پھرنا ، مٹر گشت کرنا ، انسانی آبادی تک آجانا ، مین شاہرائوں پر موجود ہونا ، نہایت ہی خطرناک ہے ۔ محکمہ وائلڈ لائف کے صوبائی و ضلعی حکام اس بات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور خانسپور ۔ مومن آباد۔ رامکوٹ ۔ ریالہ اور دیگر مقامات پر جہاں جنگلی جانوروں انسانی آبادیوں تک آرہے ہیں اس کے تدارک کے لیے اقدامات کریں ، جنگل میں جانوروں کی خوراک کا کوئی معقول بندوبست کیا جائے ۔ کل کلاں کوئی بھی جانی نقصان ہوا تو اس کی براہ راست ذمہ داری محکمہ وائلڈ پر ہی ہو گی ۔