میانوالی : باپ کے ہاتھوں فائرنگ سے زخمی ہونے والی بیٹی ڈاکٹر سدرہ انتقال کرگئی
میانوالی میں باپ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی ڈاکٹر سدرہ نیازی انتقال کر گئیں ، وہ راولپنڈی کے ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سدرہ ڈیڑھ ہفتہ موت وحیات کی کشمکش میں رہی ، اہلِ خانہ نے ڈاکٹر سدرہ نیازی کے انتقال کی تصدیق کردی ۔ ڈاکٹر سدرہ نیازی کے بھائی کی مدعیت میں والد عبدالصمد کے خلاف مقدمہ درج ہے، تاہم ملزم کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ میانوالی پولیس کے مطابق ڈاکٹر سدرہ کو 10 روز قبل ان کے والد نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سدرہ مزید پڑھائی کے لیے ہاسٹل میں شفٹ ہونا چاہتی تھیں، جبکہ والد بیٹی کے ہاسٹل میں منتقل ہونے کے خلاف تھے۔ زخمی لیڈی ڈاکٹر کو 20 اگست کو میانوالی سے راولپنڈی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔